8

"کوکین کوئن" انمول عرف پنکی کی منشیات کیس میں بریت کی درخواست پر عدالت کا نوٹس جاری

کراچی (نیوز ڈیسک) — کراچی کی سیشن عدالت جنوبی میں منشیات کے ایک مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی، جو کہ "کوکین کوئن" کے نام سے جانی جاتی ہیں، کی جانب سے دائر کردہ بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ ناقص تفتیش اور شواہد کی کمی کے باعث ملزمہ کی بریت کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

عدالت نے ملزمہ کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265-K کے تحت دائر کی گئی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر اور وکیلِ سرکار کو آئندہ سماعت پر اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل میر ہدایت اللہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انمول پنکی کے خلاف مقدمے میں کوئی بھی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، اور اس کیس میں نامزد ایک اور ملزم علی خان کو پہلے ہی ناکافی شواہد کی بنا پر عدالت بری کر چکی ہے، لہٰذا اسی بنیاد پر ملزمہ کو بھی بری کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملزمہ کے خلاف تھانہ گذری میں منشیات کا یہ مقدمہ درج ہے، جبکہ وکیل کے مطابق وہ اس سے قبل تھانہ گذری کے تین دیگر مقدمات میں بھی کورٹس سے بری ہو چکی ہیں۔