11

خیبرپختونخوا مسلح افراد کے ہاتھوں میں آچکا ہے، پی ٹی آئی انتشار اور محاذ آرائی کی سیاست بند کرے: احمد کریم کنڈی

پشاور (نیوز ڈیسک) — پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے پارلیمانی رہنما احمد کریم کنڈی نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پالیسیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا اس وقت مسلح افراد کے ہاتھوں میں آچکا ہے، اور صوبے کو مزید اندھیروں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ملک مزید انتشار اور تشدد کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لیے پی ٹی آئی کو تصادم کی راہ چھوڑ کر سیاسی مذاکرات اور آئینی طریقہ کار کا راستہ اپنانا چاہیے۔

احمد کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کو انسداد دہشت گردی کے لیے 130 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، لیکن صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کی "اونر شپ" لینے کو تیار نہیں ہے اور گزشتہ 13 سال سے اقتدار میں رہنے کے باوجود پی ٹی آئی امن قائم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ گورنر کے اختیارات کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین گورنر کو سکیورٹی سے متعلق اجلاس طلب کرنے کا مکمل حق دیتا ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ خود آئین کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مسائل وفاق کے ساتھ محاذ آرائی سے نہیں بلکہ بہتر روابط اور آئینی حدود میں رہ کر ہی حل کیے جا سکتے ہیں۔