لاہور (نیوز ڈیسک) — پاکستان کی سینئر اداکارہ فرح نادر نے شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکاروں کے مالی معاملات اور معاوضوں کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان گفتگو کرتے ہوئے فرح نادر نے بتایا کہ اگر ایک عام شخص ایک ماہ میں ایک لاکھ روپے کماتا ہے تو ایک اداکار تقریباً اتنی ہی رقم صرف 10 دن میں کما لیتا ہے۔
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا کہ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فنکار اور اداکارائیں اس سے کہیں زیادہ بھاری معاوضے حاصل کرتے ہیں، اور وہ باآسانی ایک ڈرامے کے 15 سے 20 لاکھ روپے وصول کرتے ہیں، جبکہ کئی مواقع پر یہ خطیر رقم 30 سے 40 لاکھ روپے تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پروڈیوسرز کی جانب سے وقت پر ادائیگیاں کی جائیں تو شوبز ایک ایسا منافع بخش شعبہ ہے جہاں آمدنی بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔ پروگرام کے دوران میزبان نے ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ، فیروز خان، احسن خان، اقرا عزیز، سجل علی اور ہانیہ عامر جیسی نامور شخصیات کے نام بھی لیے۔ واضح رہے کہ فرح نادر نے اپنے اداکاری کے کیرئیر کا آغاز کلاسیک ڈرامے ’خدا کی بستی‘ سے کیا تھا۔





