134

متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو سنیما گھروں میں دکھانے پر پابندی عائد

مغربی بنگال: بھارتی ریاست مغربی بنگال میں متنازع فلم کیرالہ اسٹوری پر پابندی عائد کر دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسلام مخالف فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کی حکومت نے فلم دی کیرالہ اسٹوری پر پابندی لگانے کا فیصلہ نفرت اور تشدد کے کسی بھی واقعے سے بچنے اور ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے کیا ہے۔

تاہم کیرالہ اسٹوری کے فلم ساز نے مغربی بنگال کی حکومت کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

 

 دوسری جانب متنازع فلم بھارت کی کئی ریاستوں میں فسادات پیدا کر کے اپنا مقصد پورا کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

کئی شہروں میں فلم نے انتہا پسند ہندوؤں اور مسلمانوں میں اختلافات کو ہوا دے کر صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

 


حیدرآباد اور مغربی بنگال کے کئی سنیما گھروں میں پولیس نے ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز کو رُکوا کر شائقین کو سنیما گھروں سے باہر نکال دیا۔

یاد رہے کہ دی کیرالہ اسٹوری میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیرالہ سے تقریباً 32 ہزار خواتین گمشدہ ہیں اور یہ خواتین اسلام قبول کرنے کے بعد داعش میں شامل ہوگئی ہیں اور بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔