زمان پارک تلاشی کے معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ کی تلاشی شروع کردی ہے۔ کمشنر لاہور کی سسربراہی میں ایک پولیس ٹیم زمان پارک میں تلاشی کا عمل شروع کرچکی ہے۔
اس سے قبل پلویس نے زمان پارک کی تلاشی کیلئے سرچ وارنٹ حاصل کیے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر لاہور پہلے مذاکرات کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب عمران خان بھی کمشنر سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمان پارک کی تلاشی کے وقت ایس پی اور دیگر مرد اور خواتین اہلکاروں کی ٹیمیں موجود ہوں گی۔ دہشتگردوں کی تلاشی کیلئے زمان پارک کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی تلاشی لی جائے گی۔
یاد رہے کہ دو دن قبل نگران وزیراطلاعات پنجاب عامر میر نے فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث دہشتگردوں کی زمان پارک میں موجودگی کا انکشاف کیا تھا اور عمران خان کو 24 گھنٹے میں مطلوبہ افراد کی فراہمی کا الٹی میٹم بھی دیا تھا۔









