104

ٹھنڈ کی شدت بڑھتے ہی ڈینگی کیسز میں نمایاں کمی

راولپنڈی میں موسمِ سرما کی آمد نے ڈینگی کی سرگرمیوں کو محدود کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کیسز کی تعداد میں واضح کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں ڈینگی کے صرف 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مختلف اسپتالوں میں ڈینگی کے 10 مریض زیرِ علاج ہیں۔

ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر جواد نے بتایا کہ رواں سیزن کے دوران اب تک ڈینگی کے 1,548 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کسی قسم کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

محکمہ صحت کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سیزن کے دوران 236 افراد کی اسکریننگ کی گئی جبکہ یکم جنوری 2025 سے اب تک 1,361 ٹیمیں ضلع بھر میں ڈینگی سرویلنس کا کام انجام دے رہی ہیں۔ اس دوران 66 لاکھ 15 ہزار 733 گھروں کی چیکنگ مکمل کی گئی، جن میں سے دو لاکھ 14 ہزار سے زائد لاروا ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی ہوئی۔

مزید برآں 19 لاکھ 6 ہزار 271 مختلف مقامات کی جانچ پڑتال میں 29 ہزار 274 لاروا پازیٹو پائے گئے جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 43 ہزار 300 لاروا برآمد کیا گیا۔

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت انتظامی اقدامات بھی کیے گئے، جن میں 4,852 ایف آئی آرز کا اندراج، 1,945 عمارتوں کی سیلنگ اور 3,767 چالان شامل ہیں۔ سی او ہیلتھ ڈاکٹر احسان غنی کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 14 لاکھ 39 ہزار 7 روپے جرمانے کی صورت میں وصول کیے گئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید کمی کے ساتھ ڈینگی کیسز میں مزید کمی متوقع ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔