44

2025 ہمارے خاندان کیلئے آزمائشوں بھرا سال تھا: کرینہ کپور

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور خان نے سال 2025 کے اختتام پر ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ گزرا ہوا سال ان کے اور ان کے خاندان کے لیے نہایت مشکل ثابت ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شوہر سیف علی خان کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کرینہ کپور نے بتایا کہ گزشتہ برس سیف علی خان پر ہونے والے چاقو کے حملے کے بعد زندگی ایک کڑے امتحان میں بدل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران آنسو بھی بہے، دعائیں بھی مانگی گئیں اور ہر مشکل کا سامنا ہمت کے ساتھ کیا گیا۔

اداکارہ کے مطابق 2025 نے انہیں انسان کی اندرونی طاقت، محبت کی اہمیت اور بچوں کی غیر معمولی بہادری کا احساس دلایا۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والے مداحوں، دوستوں اور خیر خواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

کرینہ کپور خان نے کہا کہ وہ نئے سال میں شکرگزاری، مثبت سوچ اور فلموں سے اپنی محبت کے جذبے کے ساتھ قدم رکھ رہی ہیں۔ پیغام کے اختتام پر انہوں نے اپنے مداحوں کو نئے سال 2026 کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد بھی دی۔