57

اوپن اے آئی کا نیا اے آئی گیجٹ: قلم اور آڈیو ڈیوائس ایک ساتھ

مصنوعی ذہانت کی دنیا میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اوپن اے آئی مبینہ طور پر ایک جدید AI گیجٹ پر کام کر رہا ہے جو قلم اور ساتھ لے جانے والی آڈیو ڈیوائس دونوں کے طور پر استعمال ہو سکے گا۔

ایک سال قبل یہ انکشاف ہوا تھا کہ ایپل کے سابق چیف ڈیزائنر جونی آئیو اوپن اے آئی کے ساتھ مل کر ایک AI ڈیوائس پر کام کر رہے ہیں۔ تازہ رپورٹس کے مطابق یہ ڈیوائس ایک اسمارٹ قلم ہو سکتی ہے جو ہاتھ سے لکھی گئی تحریر کو براہِ راست چیٹ جی پی ٹی میں منتقل کرے گا۔

انڈسٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ڈیوائس آڈیو فیچر سے بھی لیس ہوئی تو صارفین اس کے ذریعے اسمارٹ فون کی ضرورت کے بغیر دو طرفہ وائس کمیونیکیشن بھی کر سکیں گے۔

اوپن اے آئی کے اس خفیہ پراجیکٹ کو اندرونی طور پر ’گم ڈراپ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ابتدا میں کمپنی چینی مینوفیکچرر لکسیئر کے ساتھ شراکت داری چاہتی تھی، تاہم اب فاکس کان کو متبادل کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ڈیوائس ویتنام میں تیار ہو سکتی ہے، تاہم فاکس کان کی امریکی فیکٹریز میں بھی پروڈکشن ممکن ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ قلم کی شکل میں AI ڈیوائس ایک نیا اور منفرد تصور ہے جو صارفین کے لیے تحریر اور وائس دونوں کی سہولت فراہم کرے گا، اور ممکنہ طور پر اسمارٹ فونز کے استعمال کو کم کر سکتا ہے۔