لکی مروت اور بنوں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں چار پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ شہداء میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے، جبکہ شہید اہلکاروں کی لاشیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائے نورنگ منتقل کردی گئیں۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے منڈان میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے تھانا منڈان جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔









