92

چین کے واش رومز میں سگریٹ نوشی پر انوکھی سزا

چین کے شہر شینژین میں واقع ایک شاپنگ سینٹر نے واش روم میں سگریٹ نوشی کی روک تھام کے لیے ایک انوکھا اور جدید طریقہ متعارف کرا دیا ہے، جہاں دھواں اٹھتے ہی واش روم کے دروازے شفاف ہو جاتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شینژین کے ضلع لوہوں میں قائم شوئیبی انٹرنیشنل سینٹر کے مردوں کے واش رومز میں ایسے خصوصی شیشے کے دروازے نصب کیے گئے ہیں جو سگریٹ کے دھویں سے شفاف ہو جاتے ہیں، جس کے باعث اندر موجود شخص باہر سے دکھائی دینے لگتا ہے۔ واش روم میں واضح ہدایات بھی درج ہیں کہ سگریٹ نوشی کرنے سے گلاس شفاف ہو جائے گا۔

شاپنگ سینٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واش رومز میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے ماضی میں جرمانے، وارننگز اور بعض افراد پر عارضی پابندیاں بھی عائد کی گئیں، تاہم ان اقدامات کے مؤثر نتائج سامنے نہ آنے پر یہ نیا طریقہ اپنایا گیا۔

سینٹر کے ترجمان کے مطابق شفاف دروازوں کا مقصد شرمندگی کے احساس کے ذریعے قانون شکنی سے روکنا ہے۔ بعض واش رومز میں یہ انتباہ بھی درج ہے کہ اگر آپ انٹرنیٹ پر مشہور نہیں ہونا چاہتے تو سگریٹ نوشی سے باز رہیں، جس کا مقصد ممکنہ خلاف ورزی کرنے والوں کو خبردار کرنا ہے کہ ان کی غیر مناسب حالت کی ویڈیو یا تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو سکتی ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی مقامات پر صحت مند ماحول برقرار رکھنے اور تمباکو نوشی کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔