83

بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے وعدوں میں ملوث ایجنٹ گرفتار

اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی اسمگلنگ اور بیرونِ ملک روزگار فراڈ میں ملوث ایک ویزا فراڈ ایجنٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔

 

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم آصف ندیم "برلن امیگریشن سلوشنز" کے نام سے غیر قانونی ایجنسی چلا رہا تھا اور بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے دعووں کے ذریعے شہریوں سے بھاری رقم وصول کر رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے برطانیہ میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر ایک شہری سے 19 لاکھ روپے ہتھیائے۔

ایف آئی اے کے عہدیدار نے بتایا کہ ملزم کے پاس نہ تو بیرونِ ملک روزگار فراہم کرنے کی قانونی اجازت تھی اور نہ ہی وہ کسی سرکاری ادارے سے رجسٹرڈ تھا۔ دورانِ تفتیش ویزا فراڈ، غیر قانونی بھرتی اور مالی لین دین سے متعلق شواہد بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے مزید چھاپے مار کر نیٹ ورک سے منسلک دیگر ایجنٹس اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کر رہی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرونِ ملک روزگار کے کسی بھی انتظام سے قبل متعلقہ ایجنٹ کی تصدیق ایف آئی اے کے سرکاری پروٹیکٹر آف امیگرنٹس سے لازمی کروائیں، تاکہ کسی بھی فراڈ سے بچا جا سکے۔