104

سردیوں میں رات کو کھجورکھانے کے حیران کن فائدے

سردیوں کے موسم میں کھجور کو ماہرینِ غذائیت کی جانب سے ایک قدرتی سپر فوڈ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ ساتھ جسم کو فوری توانائی حرارت اور قوتِ مدافعت فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایک ماہ تک روزانہ تین کھجوریں کھائی جائیں تو جسم اور صحت پر نمایاں اور مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق کھجور میں قدرتی شکر، کیلوریز اور فائبر کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، جو میٹابولزم کو بہتر بنا کر جسم کو اندر سے گرم رکھتی ہے۔ سردیوں میں صبح یا رات کو کھجور کھانے سے جسمانی تھکن میں کمی آتی ہے اور دن بھر توانائی برقرار رہتی ہے۔

کھجور خون کی کمی دور کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے، کیونکہ اس میں آئرن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہیموگلوبن کی سطح بہتر بنانے اور سرخ خون کے خلیات پیدا کرنے میں معاون ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمزوری، چکر یا تھکن کا شکار افراد کے لیے کھجور کو قدرتی طاقت بخش غذا سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کھجور میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور میگنیشیم قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں، جس سے سردیوں میں نزلہ، زکام، فلو اور سانس کی نالی کے انفیکشنز سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ کھجور ورزش سے 30 سے 60 منٹ قبل یا سونے سے پہلے کھانا زیادہ مفید ہوتا ہے۔ فائبر کی زیادہ مقدار کے باعث یہ دیر تک معدے میں رہتی ہے، بھوک کو کنٹرول کرتی ہے اور وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ کھجور میں قدرتی شکر زیادہ ہونے کے باعث روزانہ استعمال سے قبل اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سردیوں کی خوراک میں کھجور کو شامل کرنا ایک سادہ، سستا اور مؤثر طریقہ ہے جو مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔