83

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: بنگلا دیش نے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کر دیا

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں فاسٹ بولرز مستفیض الرحمان اور تسکین احمد بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے۔

اتوار کو جاری کیے گئے اسکواڈ میں بیٹر جاکر علی کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جاکر علی کا 2025 کا سیزن مایوس کن رہا، جہاں انہوں نے 26 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 378 رنز بنائے۔

تسکین احمد کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، وہ دسمبر میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں ابو ظہبی ٹی ٹین لیگ میں مصروفیت کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ تسکین احمد اب تک 86 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 106 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

فاسٹ بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں مستفیض الرحمان اور تسکین احمد کے ساتھ تنزیم حسن ساقب، شوریف الاسلام اور محمد سیف الدین شامل ہیں، جبکہ اسپن بولنگ کی ذمہ داری رشاد حسین، نسیم احمد اور مہدی حسن کو سونپی گئی ہے۔

بیٹنگ لائن میں لٹن داس ٹیم کی قیادت کریں گے، ان کے ساتھ تنزید حسن، پرویز حسین ایمون، سیف حسن، توحید ہردوئے اور شمیم حسین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ اسکواڈ کے اعلان سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنے میچز بھارت سے باہر منتقل کروانے پر غور کر رہا ہے، تاہم اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔

بنگلہ دیش گروپ سی میں شامل ہے اور گروپ مرحلے میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور اٹلی کے خلاف کولکتہ میں میچز کھیلے گا، جبکہ آخری گروپ میچ نیپال کے خلاف ممبئی میں ہوگا۔ بنگلہ دیش اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کرے گا۔