35

ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم میں خرابی، یونانی ایئرپورٹس پر ہنگامی صورتحال

یونان کے تمام ہوائی اڈوں پر اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایتھنز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر سے اندرون و بیرون ملک جانے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق یونانی ایئر ٹریفک کنٹرول کے ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم میں خرابی سامنے آئی، جس کے بعد حفاظتی وجوہات کی بنا پر تمام طیاروں کی آمد و رفت روک دی گئی۔

ایئرپورٹس پر موجود مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، متعدد مسافر طویل انتظار کے بعد بھی روانگی سے قاصر ہیں، جبکہ غیر ملکی سیاح بھی پھنس گئے ہیں۔

یونانی حکام کا کہنا ہے کہ تکنیکی ماہرین خرابی کو دور کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا اور فضائی آپریشن معمول کے مطابق بحال ہو جائے گا، تاہم اس دوران مسافروں کو تحمل اور تعاون کی ہدایت دی گئی ہے۔