پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کو خیبر پختونخوا میں بڑی سیاسی کامیابی حاصل ہوگئی، جب جنوبی اضلاع کے متعدد سیاسی رہنماؤں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس میں صوبائی صدر انتخاب خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مصطفیٰ ملک بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات شاہد الیاس مروت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
جنوبی وزیرستان سے جے یو آئی کے رہنما حاجی خان محمد وزیر، ٹانک سے شفیع اللہ خان بھٹانی، سابق ضلعی صدر پیپلز پارٹی سید مدثر زیدی اور ناظمین اتحاد ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر ملک عمران اعوان نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔
اس کے علاوہ سابق تحصیل صدر پی ٹی آئی ملک الطاف کھوکھر، محمد اسماعیل خان اور تحریک لبیک پاکستان کے پیر اسماعیل چشتی بھی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) محب وطن جماعت ہے اور ملکی سلامتی، دفاع اور عوامی خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کی ترقی کے لیے پارٹی کے کردار کو اہم قرار دیا۔
مصطفیٰ ملک نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور صوبائی صدر انتخاب خان کی قیادت میں پارٹی کی متحرک صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صوبائی صدر انتخاب خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے تبدیلی کے نام پر بدحالی کا سامنا کیا ہے، اور اب عوام کی نظریں مسلم لیگ (ق) پر ہیں۔ انہوں نے جنوبی اضلاع سے شمولیت کو پارٹی کی بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا اور صوبے بھر میں کنونشنز اور عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کیا۔









