55

آسٹریلیا: خاتون کے بستر میں سانپ کی موجودگی

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ایک خاتون اس وقت خوف اور حیرت کا شکار ہوگئیں جب وہ رات کے وقت نیند سے جاگیں تو بستر پر ان کے ساتھ ڈھائی میٹر لمبا اژدہا موجود تھا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریچل بلور نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ ان کے پیٹ اور سینے پر پڑا وزن ان کے پالتو کتے کا ہے، مگر جب انہوں نے کمبل ہلانے کی کوشش کی تو محسوس ہوا کہ نیچے کچھ حرکت کر رہا ہے۔

ریچل نے بتایا کہ جیسے ہی انہوں نے کمبل اٹھایا تو انہیں احساس ہوا کہ یہ کوئی جانور نہیں بلکہ ایک بڑا سانپ ہے۔ انہوں نے فوری طور پر اپنے شوہر کو جگایا اور لائٹس جلانے کو کہا، روشنی ہوتے ہی شوہر نے خبردار کیا کہ حرکت مت کرنا کیونکہ تمہارے اوپر تقریباً ڈھائی میٹر لمبا کارپٹ پائتھن موجود ہے۔

خاتون کے شوہر نے سب سے پہلے گھر کے پالتو کتوں کو کمرے سے باہر نکالا تاکہ وہ محفوظ رہیں، پھر ریچل نے انتہائی احتیاط سے آہستہ آہستہ کمبل کے نیچے سے خود کو نکالا۔ بعد ازاں سانپ کو کھڑکی کے راستے باہر جانے میں مدد دی گئی۔

ریچل بلور کا کہنا تھا کہ سانپ غالباً دیوار کے راستے دوسری منزل پر چڑھ کر کھڑکی کے شٹر کو دھکیلتے ہوئے کمرے میں داخل ہوا۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ خوفزدہ نہیں ہوئیں کیونکہ وہ دیہی علاقے میں پلی بڑھی ہیں اور سانپوں سے واقف ہیں۔

ریچل نے ہنستے ہوئے کہا، “مجھے خوشی ہے کہ یہ سانپ تھا، مینڈک نہیں، کیونکہ مینڈک مجھے زیادہ ڈراتے ہیں۔”

واقعے کے بعد اہلِ خانہ مکمل طور پر محفوظ رہے، تاہم یہ ان کی زندگی کا سب سے عجیب اور ناقابلِ یقین تجربہ بن گیا۔