ادارہ برائے شماریات پاکستان (PBS) کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی سمیت 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 16 جولائی 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کا اشاریہ (SPI) 1.40 فیصد بڑھ کر 357.61 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 27 اشیا مہنگی، 4 سستی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ہفتہ وار بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ریکارڈ کیا گیا، جو 22.79 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ مرغی کی قیمت میں 14.66 فیصد، ایل پی جی میں 12.46 فیصد، ڈیزل میں 4.41 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 4.40 فیصد اضافہ ہوا۔
دیگر مہنگی ہونے والی اشیا میں لہسن، انڈے، لیپٹن چائے، پیاز، آلو، تیار چائے اور جلانے کی لکڑی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر کیلے کی قیمت میں 0.80 فیصد کمی ہوئی، جبکہ مونگ کی دال، چینی اور مسور کی دال بھی سستی ہوئیں۔
سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 36.28 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ چنے کی دال، چینی، مرغی، پاؤڈر نمک، مسور کی دال، انڈے اور مونگ کی دال کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
تاہم سالانہ بنیاد پر سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں ریکارڈ کیا گیا، جو 210.18 فیصد بڑھ گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں قلیل مدتی مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، جس کے باعث ہفتہ وار حساس قیمتوں کے اشاریے میں اضافہ دیکھا گیا۔


.jpg)




