20

ایران کی ترجیح قومی سلامتی اور دفاع ہے، کاظم غریب آبادی

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد فی الحال معطل کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کاظم غریب آبادی کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایران کی پہلی ترجیح ملک کا دفاع اور قومی سلامتی ہے، اسی وجہ سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت معاہدے پر عمل نہیں کر رہا اور تمام توجہ دفاعی معاملات پر مرکوز ہے، جبکہ مستقبل میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی مزید فیصلہ کیا جائے گا۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران مذاکراتی عمل کا حصہ تھا، تاہم امریکی اقدامات سے اعتماد کو شدید نقصان پہنچا۔

دوسری جانب پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے الزام عائد کیا کہ ایران پر امریکی حملے مفاہمتی یادداشت اور بین الاقوامی اصولوں کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی کے بعد 14 نکات پر مشتمل مفاہمت کی یادداشت طے پائی تھی اور مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ایرانی سفیر کے مطابق امریکی اقدامات نے اس مفاہمت کو متاثر کیا اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔