اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا روزانہ پرائسنگ میکانزم منظور کر لیا ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا۔
نئے نظام کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں گزشتہ سات کاروباری دنوں کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی، جبکہ قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری ضروری نہیں ہوگی، بلکہ اوگرا خود قیمتوں کا اعلان کرنے کا مجاز ہوگا۔
اوگرا کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی، جبکہ یکم جولائی 2026 سے روزانہ پلاٹس ریفرنس قیمتیں بھی اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔
نئے طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم لیوی وفاقی کابینہ کی مقرر کردہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ لیوی کی شرح میں تبدیلی فنانس ڈویژن کی منظوری سے مشروط ہوگی۔
وفاقی کابینہ نے مالی سال 2027 کے لیے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے کرنے کی منظوری دی ہے، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ان کے مارکیٹ شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
حکومت کی جانب سے جاری نئے نظام میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ درآمدی یا اپ لفٹمنٹ میں ڈیفالٹ کرنے والی کمپنیوں کو 9 ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر مقرر کی جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ نئے پرائسنگ میکانزم پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔


.jpg)




