46

جے ڈی وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش، ماں اور نومولود صحت مند

واشنگٹن: امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ جوڑے نے نومولود بیٹے کا نام "ایلک نیل وینس" رکھا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش اتوار کی صبح ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ والدہ اور نومولود دونوں صحت مند ہیں، جبکہ ان کے تینوں بڑے بچے بھی اپنے ننھے بھائی کی آمد پر خوش ہیں۔

امریکی نائب صدر نے والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے زچگی کے دوران بہترین طبی سہولیات فراہم کیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک صدی سے زائد عرصے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی عہدے پر موجود امریکی نائب صدر کے ہاں دورانِ ملازمت بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

جے ڈی وینس اور اوشا وینس اس سے قبل تین بچوں کے والدین ہیں، جن میں ایوان (9 سال)، ویوک (6 سال) اور میرابل (4 سال) شامل ہیں۔

اوشا وینس کا تعلق کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو سے ہے۔ ان کے والد مکینیکل انجینئر جبکہ والدہ مالیکیولر بایولوجسٹ ہیں، جو بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے امریکا منتقل ہوئے تھے۔

جے ڈی وینس اور اوشا وینس کی ملاقات 2010 میں ییل لا اسکول میں تعلیم کے دوران ایک مباحثہ گروپ میں ہوئی، جس کے بعد دونوں نے شادی کر لی۔

واضح رہے کہ جے ڈی وینس امریکا میں شرح پیدائش بڑھانے کی ضرورت پر بات کرنے والے نمایاں سیاسی رہنماؤں میں شامل رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی حالیہ کتاب میں بتایا کہ ان کی اہلیہ ابتدا میں چوتھے بچے کے حوالے سے تذبذب کا شکار تھیں، تاہم بعد میں ان کی سوچ تبدیل ہوئی۔