52

ارسلان بٹ نے مامیا جعفر تنازع پر خاموشی توڑ دی

کراچی: اداکار ارسلان بٹ نے اداکارہ مامیہ شاہ جعفر کی جانب سے ماضی میں عائد کیے گئے ہراسانی کے الزامات پر پہلی بار تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے الزامات کسی بھی شخص کے کیریئر اور ساکھ کو شدید متاثر کرسکتے ہیں۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان بٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور اس کے حل کے لیے صرف قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی متعدد معروف شخصیات کے ساتھ کام کیا ہے، تاہم آج تک کسی نے ان کے کردار یا پیشہ ورانہ رویے پر سوال نہیں اٹھایا۔ ان کے بقول، ان کے ساتھی اور دوست ہمیشہ ان کے اخلاق اور برتاؤ کی تعریف کرتے رہے ہیں۔

ارسلان بٹ نے مزید کہا، "میرے پاس اس شخص کو خاموش کرانے کے ہزار طریقے ہیں، لیکن میں صرف قانون پر یقین رکھتا ہوں اور اسی کے مطابق آگے بڑھوں گا۔"

واضح رہے کہ چند ماہ قبل اداکارہ مامیہ شاہ جعفر نے ارسلان بٹ پر ہراسانی اور نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے الزامات واپس لے لیے تھے۔

نوٹ: یہ معاملہ عوامی بیانات پر مبنی ہے اور کسی عدالت کی جانب سے ان الزامات سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔