دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹس کی تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اہم پوزیشنز میں بہتری حاصل کی ہے۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ سلمان علی آغا نے دو درجے بہتری کے ساتھ 16ویں پوزیشن حاصل کرلی۔
ون ڈے باؤلرز کی فہرست میں ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 20 باؤلرز میں شامل ہوگئے۔
ٹی20 باؤلرز کی رینکنگ میں بھی ابرار احمد دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ پاکستان کے محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلے گئے، تاہم شاہین شاہ آفریدی نے ترقی کرتے ہوئے پہلی بار ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں جگہ بنا لی۔
ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ ٹی20 آل راؤنڈرز میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
نئی آئی سی سی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی کو عالمی کرکٹ میں قومی ٹیم کی مضبوط موجودگی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔






