46

جعلی ڈگری اور غیرحاضری کے خلاف کارروائی، سندھ تعلیم محکمہ نے نیا نظام متعارف کرا دیا

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں اور دفاتر میں شفافیت بڑھانے کے لیے چہرے کی شناخت (Face Recognition) کے ذریعے حاضری کا نظام متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے نظام کا مقصد غیر حاضر ملازمین کی نشاندہی کرنا اور حاضری کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مبینہ جعلی ڈگری رکھنے والے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ہزاروں ملازمین کی جانب سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں، جس کے باعث فنانس ڈویژن کو انتظامی مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق تقریباً 15 ہزار اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین نے پری ریٹائرمنٹ کی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے محکمہ تعلیم سندھ سے 1989 سے 2020 تک بھرتی کیے گئے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ جعلی ڈگریوں سے متعلق معاملات کی تحقیقات کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق اقدامات کا مقصد محکمہ تعلیم میں شفافیت، احتساب اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔