کراچی: وفاقی حکومت نے کراچی میں واقع فاسٹ ٹریک پروجیکٹس اینڈ لاجسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو پانچ سال کے لیے کسٹمز پورٹ قرار دے دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے سابق نوٹیفکیشن ایس آر او نمبر 1216(I)/2020 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ کسٹمز پورٹ کراچی کے نارتھ ویسٹرن انڈسٹریل زون (NWIZ)، آف پورٹ قاسم مین روڈ پر واقع ہے اور تقریباً 10 ایکڑ رقبے پر مشتمل مختلف پلاٹس پر قائم ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اس کسٹمز پورٹ کو درآمدی اور برآمدی سامان سمیت مخصوص اشیا کی کسٹمز کلیئرنس کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس سے تجارتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
نوٹیفکیشن میں کسٹمز پورٹ کی حدود بھی واضح کر دی گئی ہیں، جن میں شمال، جنوب، مشرق اور مغرب کی جانب واقع سڑکیں اور متعلقہ پلاٹس شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے پانچ سال تک مؤثر رہے گا۔


.jpg)




