45

صحت کی سہولتیں پنجاب سے آزاد کشمیر تک، 15 موبائل کلینکس روانہ کردیئے گئے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے عوام کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے 15 کلینک آن ویلز اور ضروری ادویات روانہ کر دی ہیں۔

اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خصوصی تقریب میں موبائل طبی یونٹس کو آزاد کشمیر کے لیے روانہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر موبائل طبی یونٹس اور ضروری ادویات آزاد کشمیر بھیجی جا رہی ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو علاج معالجے کی فوری سہولت فراہم کی جا سکے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحت کی سہولیات کو صرف پنجاب تک محدود نہیں رکھا جا رہا بلکہ ضرورت کے مطابق دیگر علاقوں تک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ مشکل حالات میں متاثرہ علاقوں کی مدد کرنا حکومت کی قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کلینک آن ویلز منصوبہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان موبائل کلینکس میں مستند ڈاکٹرز، طبی عملہ، تشخیصی سہولیات اور ضروری ادویات ایک ہی جگہ دستیاب ہوتی ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔