پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی قیادت نے صوبے میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کو پنجاب آنے کی دعوت دے دی گئی ہے۔
رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے کہا کہ متفقہ طور پر پنجاب میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جب پنجاب آئیں گے تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔
کارکنوں کے خلاف کارروائیوں پر تحفظات
دوسری جانب پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب میں کارکنوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ارکان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کارکنوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسٹریٹ موومنٹ شروع ہونے کی صورت میں کریک ڈاؤن مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ارکان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
اکثریتی ارکان اسٹریٹ موومنٹ کے حامی
اجلاس میں اکثریتی ارکان نے اسٹریٹ موومنٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پنجاب کے عوام احتجاج کیلئے نکلنے کو تیار ہیں۔
سہیل آفریدی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈریں گے اور جہاں بلایا جائے گا وہاں آئیں گے۔
پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت نے اکثریتی ارکان کی حمایت کے بعد اسٹریٹ موومنٹ جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم اس کی تاریخ اور وقت کا اعلان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کریں گے۔









