ایران نے تیل، گیس اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے غیر ملکی بحری جہازوں پر عائد 10 فیصد کارگو فیس عارضی طور پر معطل کردی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق غیر ملکی بحری جہازوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل پر وصول کی جانے والی کارگو فیس فی الحال معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فیس کی معطلی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایرانی حکومت اضافی ٹیکس وصول کیے جانے والی اشیاء کی فہرست جاری نہیں کردیتی۔
سمندری تیل برآمدات متاثر ہونے کے بعد فیصلہ
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی سمندری راستے سے تیل برآمدات شدید متاثر ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق غیر ملکی جہازوں پر 10 فیصد کارگو فیس کی عارضی معطلی سے پیٹرولیم مصنوعات کی سمندری ترسیل میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری راستے سے تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے باعث غیر ملکی جہازوں اور توانائی کی ترسیل سے متعلق معاملات میں دباؤ بڑھا ہے، جس کے پیش نظر کارگو فیس میں عارضی ریلیف دیا گیا ہے۔
تاہم یہ سہولت مستقل نہیں ہوگی اور حکومت کی جانب سے اضافی ٹیکس سے متعلق اشیاء کی فہرست جاری ہونے تک ہی برقرار رہے گی۔









