سندھ اسمبلی نے رینجرز کے اختیارات میں مزید ایک سال توسیع کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
وزیر قانون ضیا لنجار کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ رینجرز نے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں ٹارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر سنگین جرائم میں نمایاں کمی آئی۔
قرارداد کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنا ضروری ہے، اس لیے آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت اختیارات میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کرلی۔
اجلاس میں فاطمیہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی اور بے نظیر بھٹو ہیومن ریسرچ بورڈ سے متعلق ترمیمی بلز بھی منظور کیے گئے۔









