2

گلگت بلتستان کابینہ کی جانب سے مالی سال 2026-27ء کا 218 ارب روپے کا بجٹ منظور، کم از کم اجرت 44 ہزار روپے مقرر

گلگت بلتستان کی کابینہ نے مالی سال 2026-27ء کے لیے 218 ارب روپے کے مجموعی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 23 ارب اور غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ اس میں وفاقی حکومت کا سٹیبلائزیشن پیکیج بھی شامل ہے۔ تمام محکموں کے غیر ترقیاتی بجٹ میں 30 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ امجد حسین کے مطابق محدود وسائل کے باوجود صحت، تعلیم اور زراعت سمیت سوشل سیکٹر کو بنیادی محور بنایا گیا ہے۔ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں مزدوروں کی کم از کم اجرت 40 ہزار سے بڑھا کر 44 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے، ادویات کے لیے 17 کروڑ روپے کا اضافی فنڈ، ہیلتھ انڈومنٹ فنڈ اور طلبہ کے سکالرشپس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار سوشل پروٹیکشن کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں سے ایک فیصد کلائمیٹ فنڈ کاٹنے، سرکاری محکموں کے لیے ہائبرڈ گاڑیاں خریدنے اور حکومتی و اپوزیشن ارکان کو برابر ترقیاتی فنڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔