3

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات جاری، تیسرے دور میں اہم پیشرفت

حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزراء علی پرویز ملک، اعظم نذیر تارڑ اور بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم سیکٹر، ایندھن کی دستیابی اور قیمتوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پیٹرولیم قیمتوں اور ایندھن کی دستیابی پر بریفنگ

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے جماعت اسلامی کے وفد کو بتایا کہ حالیہ بحران کے دوران حکومت نے ملک بھر میں ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کے تحفظ اور ایندھن کی دستیابی کیلئے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ 7 روزہ رولنگ ایوریج کی بنیاد پر پیٹرولیم قیمتوں کے نظام پر بھی وفد کو بریفنگ دی گئی۔

علی پرویز ملک کے مطابق موٹر سائیکلوں، چنگچی رکشوں، رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جا رہی ہے تاکہ مستحق طبقات تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔

جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی میں کمی کا مطالبہ

لیاقت بلوچ نے حکومت کی جانب سے فیول ریلیف کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پیٹرولیم لیوی میں کمی اور بنیادی مسائل کے مستقل حل پر زور دیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی وزیراعظم شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت ٹیکس بیس بڑھانے اور براہ راست ٹیکسوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی

حکومتی وفد نے جماعت اسلامی کی جانب سے پیش کی گئی سفارشات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن سے یورو فائیو ایندھن کی پیداوار اور پیٹرول و ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ ہوگا جبکہ درآمدی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے پہلے دو ادوار 7 اور 11 ستمبر کو ہوچکے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک بھر میں پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی دھرنے دے رہی ہے جبکہ 20 ستمبر کو ملک کے مختلف حصوں سے اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔