ازبکستان کا 10 رکنی میڈیا وفد حکومتِ پاکستان کی دعوت پر سات روزہ دورے کے لیے پاکستان پہنچ گیا۔
وفد میں معروف ازبک ٹی وی شخصیات، ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز، یوٹیوبرز، انفلوئنسرز اور سوشل میڈیا سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دورے کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، میڈیا روابط اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ وفد پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبے کے مختلف اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کرے گا۔
پاکستان کی ترقی اور میڈیا منظرنامے کا جائزہ
ازبک میڈیا شخصیات پاکستان کے مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی اور کامیابیوں کا مشاہدہ کریں گی، جبکہ انہیں ملک کے بدلتے ہوئے میڈیا منظرنامے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
وفد عوامی بیانیے کی تشکیل، پاکستان کے مثبت تشخص اور سماجی و اقتصادی ترقی میں ٹی وی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے کردار کا جائزہ لے گا۔
تاریخی اور سیاحتی مقامات کا دورہ
دورے کے دوران ازبک میڈیا وفد اسلام آباد، مری، ٹیکسلا اور لاہور کے اہم تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات کا دورہ کرے گا۔
وفد ٹیکسلا کی قدیم تہذیب، لاہور کے تاریخی و تعمیراتی ورثے اور اسلام آباد کے نمایاں مقامات کا مشاہدہ کرے گا، جبکہ فیصل مسجد کے منفرد تعمیراتی ڈیزائن سے بھی آگاہی حاصل کرے گا۔
پاک ازبک میڈیا تعاون بڑھانے پر توجہ
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون بڑھانے اور میڈیا مواد و تجربات کے تبادلے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ازبک میڈیا شخصیات اپنے مشاہدات اور تجربات ٹی وی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے ازبک عوام تک پہنچائیں گی۔
حکام کے مطابق اس دورے سے میڈیا روابط، ثقافتی تبادلوں، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ ملے گا، جبکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔









