3

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تجارتی خسارے میں بڑی کمی ریکارڈ

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی خسارے میں مالی سال 2026 کے ابتدائی دو ماہ کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا تجارتی خسارہ 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ خسارہ 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق دو ماہ کے دوران سعودی عرب کے لیے پاکستان کی برآمدات 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال اسی مدت میں 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں۔

یوں سعودی عرب کے لیے پاکستانی برآمدات میں 3.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب جولائی اور اگست 2026 میں سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات کا حجم 56 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات 67 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھیں۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں سعودی عرب سے پاکستان کی درآمدات میں 16.2 فیصد کمی ہوئی، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خسارہ بھی کم ہوا۔

تجارتی خسارہ کتنا کم ہوا؟

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تجارتی خسارہ تقریباً 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کم ہوا ہے۔