اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف نے کہا ہے کہ 200 راتوں سے سڑکوں پر ایرانی عوام کی موجودگی نے دشمن کی شکست ثابت کردی ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق باقر قالیباف نے کہا کہ دشمن نے سمجھا تھا کہ فوجی جارحیت کے ذریعے ایرانی عوام کے حوصلے توڑے جاسکتے ہیں، تاہم عوام نے اپنے عزم اور حوصلے سے اس سوچ کو غلط ثابت کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم ہی ایران کی طاقت کا بنیادی ذریعہ ہے، عوام کے عزم اور حوصلے نے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط بنایا ہے جبکہ ایران کی دفاعی صلاحیتیں عوام کے ایمان اور عزم سے جڑی ہوئی ہیں۔
ایرانی عوام کا عزم برقرار
باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ فوجی دباؤ اور جارحیت کے باوجود ایرانی عوام کا عزم کمزور نہیں ہوا بلکہ انہوں نے ملک کے دفاع اور خودمختاری کیلئے اپنے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کی حمایت صرف دفاعی محاذ تک محدود نہیں بلکہ ملک کی سفارتی کوششوں کو بھی عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
سفارتی اقدامات کو بھی عوام کی حمایت حاصل ہے
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ کے مطابق ایران کی خارجہ پالیسی اور سفارتی اقدامات کے حوالے سے عوام کا اعتماد حکومت کیلئے اہم طاقت ہے۔
باقر قالیباف نے مزید کہا کہ دشمن نے یہ سمجھا تھا کہ فوجی جارحیت کے ذریعے ایرانی عوام کو خوفزدہ کرکے ان کے حوصلے پست کیے جاسکتے ہیں، تاہم عوام کی مسلسل موجودگی اور ثابت قدمی نے اس تاثر کو ختم کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کا ایمان، اتحاد اور عزم ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے اور یہی جذبہ ایران کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد دے رہا ہے۔




