پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں مردوں کے اپنی بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے اور مروجہ سوچ پر کھل کر بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمارے دیسی کلچر میں تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں یا محفلوں میں بیٹھ کر اپنی بیویوں کا مذاق اڑاتے ہیں، جبکہ مغرب میں ایسا نہیں دیکھا جاتا۔ اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بیوی مجمعے میں کوئی مشورہ دے دے تو شوہر اسے بیوقوف کہہ کر جھاڑ دیتے ہیں، حالانکہ یہ بات بعد میں اکیلے میں بھی سمجھائی جا سکتی ہے۔ سنیتا مارشل نے مزید کہا کہ معاشرے میں مردوں کی ذہنیت ایسی بنائی جاتی ہے کہ وہ بیویوں کو اپنے سے کمتر سمجھتے ہیں؛ اسی لیے بیویاں شوہروں کو 'آپ' کہہ کر مخاطب کرتی ہیں جبکہ شوہر 'تم' بولتے ہیں کیونکہ ان کے ذہن میں یہ ہوتا ہے کہ بیوی ان سے چھوٹی ہے۔ اداکارہ کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور صارفین اس پر بھرپور بحث کرتے ہوئے اپنی آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔
9





