امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیٹرول ریلیف پیکیج کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو اتنا ریلیف نہیں دیا گیا جتنے کے اشتہارات چلائے جا رہے ہیں، قوم کو خیرات نہیں بلکہ اپنا حق چاہیے۔
کراچی میں گورنر ہاؤس دھرنے کے 31ویں روز جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر میں 41 مقامات پر دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
’حکومت فیصلہ کرے، ورنہ مذاکرات آخری ہوں گے‘
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم نے حکومتی ٹیم سے ملاقات کی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں سمیت آئی پی پیز سے متعلق اپنا مؤقف پیش کردیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مذاکرات میں ٹال مٹول سے کام لیا اور کوئی فیصلہ نہ کیا تو یہ آخری مذاکرات ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب حکومت بات چیت کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
’قوم کو خیرات نہیں، اپنا حق چاہیے‘
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے دیا گیا پیٹرول ریلیف پیکیج عوامی مسائل کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 25 ارب روپے کا پیکیج عوام کی ضروریات کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
حافظ نعیم کے مطابق قوم کا حق ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، کیونکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں بھاری ٹیکس شامل ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ریلیف کے نام پر آگاہی مہم پر بہت زیادہ اخراجات کیے جا رہے ہیں، جبکہ عملی طور پر عوام کو مطلوبہ ریلیف نہیں مل رہا۔
’دو روز بعد اسلام آباد مارچ کا لائحہ عمل بتائیں گے‘
حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ دو روز بعد اسلام آباد مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا اور ملک بھر سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دباؤ یا کسی سیاسی سمجھوتے کے بجائے اپنے مطالبات کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
شوگر اور گندم پالیسی پر بھی تنقید
امیر جماعت اسلامی نے گندم اور چینی سے متعلق حکومتی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدی فیصلوں سے کسان اور عوام دونوں کو مطلوبہ فائدہ نہیں پہنچا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ چینی کی برآمد کے بعد قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ کسان اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین اور حکومتی اخراجات سے متعلق جماعت اسلامی کی تجاویز پر بھی حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔









