پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح-4 توسیعی ورژن جدید ایویونکس اور جدید نیوی گیشن سسٹمز سے لیس ہے، جو طویل فاصلے کے اہداف کو درستی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی جانچ اور توثیق کی گئی، جس کا مقصد نظام کی درستی اور بقا کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل تیار کرنے والے ادارے کے انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں سروسز چیفس نے فتح-4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
اعلیٰ عسکری قیادت نے اس کامیابی میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز اور دیگر متعلقہ افراد کی تکنیکی مہارت، محنت اور عزم کو سراہا۔









