انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی۔
اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔
پاکستان نے 140 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کومل خان اور روائل فرحان نے ٹیم کو 69 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کومل خان نے 29 گیندوں پر 36 جبکہ روائل فرحان نے 29 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی اننگز دباؤ کا شکار ہوگئی۔ ذوفشاں ایاز نے 30 گیندوں پر 32 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم وکٹیں مسلسل گرنے کے باعث پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز ہی بنا سکا۔
اس سے قبل بنگلادیش کی اننگز کے آغاز میں مشکلات پیش آئیں اور صرف 4 رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں، تاہم بعد میں سعدیہ اختر اور فرزانہ یاسمین مدھا نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کو 139 رنز تک پہنچا دیا۔
سعدیہ اختر 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ فرزانہ یاسمین مدھا نے 28 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے روزینہ اکرم اور ماہم نزاکت نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے فرزانہ یاسمین نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جبکہ نشیتا اختر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی دوسری شکست ہے، جبکہ بنگلادیش کی یہ دوسری کامیابی ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
سیریز میں پاکستان اپنا اگلا میچ 9 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، جبکہ بنگلادیش کا اگلا مقابلہ 8 اکتوبر کو سری لنکا سے ہوگا۔






