وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے تمام دستیاب وسائل فراہم کیے جائیں گے اور علاقے میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
آزاد کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کے بہتر مفاد میں اپنا کردار ادا کریں گے، جبکہ اجتماعی کوششوں اور باہمی تعاون سے ترقی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ پر پورا اترنے کیلئے ان کے مسائل مشاورت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو مکمل تعاون اور تمام وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعظم کے مطابق آزاد کشمیر میں تعلیم، صحت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سماجی اور معاشی ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔
گزشتہ دنوں آزاد کشمیر میں ہونے والے احتجاج کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ صورتحال کو سنبھالنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی گئیں، تاہم حالات کے تناظر میں قانون نے اپنا راستہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، جبکہ صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک تھے۔









