12

راولپنڈی میں ڈینگی بے قابو، متاثرہ مریضوں کی تعداد 42 ہوگئی

شہر میں ڈینگی کا پھیلاؤ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 مریض سامنے آنے کے بعد رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہوگئی۔

محکمہ صحت کے مطابق اسپتالوں میں زیرِ علاج 12 مریضوں میں سے 10 میں ڈینگی کی تصدیق ہوچکی ہے، تاہم رواں سال ڈینگی کے باعث تاحال کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ موسم سرد ہونے تک ڈینگی کا خطرہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ڈینگی کے شبہ میں اب تک 5 ہزار 161 افراد کی اسکریننگ کی جاچکی ہے، جن میں سے 4 ہزار 762 کیسز مشتبہ قرار دیے گئے۔

رواں ماہ اکتوبر میں ڈینگی کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ستمبر میں 27 مریض سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی سرویلنس کے دوران 52 لاکھ 69 ہزار سے زائد گھروں کی چیکنگ مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 82 ہزار 850 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔

لاروا کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 798 مقدمات درج، 686 مقامات سیل اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 331 چالان کیے گئے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

ڈینگی سرویلنس کیلئے ایک ہزار 400 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں، جن میں 415 آؤٹ ڈور اور 985 ان ڈور ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ راولپنڈی میں ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی تعداد 17 ہزار 859 بتائی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈینگی سرویلنس کی 97 فیصد کوریج مکمل کی گئی، جبکہ چکلالہ کینٹ، تخت پڑی پوٹھوہار رورل اور دیگر علاقوں میں ڈینگی لاروا کے ہائی رسک مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔