پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نازش جہانگیر نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر اپنے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے اور مبالغہ آمیز خبریں بنانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اپنی اسٹوری میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ "میں بل گیٹس کی بیٹی ہوں، یہ نہیں بتایا میں نے۔" اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ انہیں اس ملک میں انٹرویوز دینا بالکل پسند نہیں کیونکہ لوگ سادہ سی بات کو توڑ مروڑ کر سنسنی خیز سرخیاں بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ نازش کا یہ ردِعمل ان کے حالیہ انٹرویو کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے شریکِ حیات کے انتخاب اور ماضی میں دل ٹوٹنے کے صدمے سے دوچار شخص کو سہارا دینے سے متعلق گفتگو کی تھی، جس کے کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف انداز میں پیش کیے گئے تھے۔
11





