11

پشاور ہائیکورٹ کا لانگ مارچ پر عبوری ریلیف دینے سے انکار

پشاور ہائیکورٹ نے لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

پی ٹی آئی ایم این ایز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لانگ مارچ کو درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرنے دیا جائے، ارکان اسمبلی قانون کے مطابق لانگ مارچ کا خیرمقدم کریں گے۔

وکیل نے استدعا کی کہ لانگ مارچ کے راستے میں ممکنہ رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ جاری ہے اور کل تک انتظار کی گنجائش نہیں۔

دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست قابلِ سماعت نہیں، کیونکہ لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم پہلے ہی آچکا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے تیاری کیلئے مزید وقت طلب کرتے ہوئے کہا کہ آج دلائل کیلئے تیار نہیں، درخواست کو کل کیلئے مقرر کیا جائے۔

عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد سماعت کل تک ملتوی کردی۔