10

دیر لوئر سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری، نظامِ زندگی متاثر

خیبر پختونخوا کے ضلع دیر لوئر کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری کے نتیجے میں گاڑیوں اور سولر سسٹمز کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ کھڑی فصلوں اور میوہ جات کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا جس سے کسانوں اور شہریوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طوفانی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے گرمی کی شدت کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوش گوار ہو گیا، تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ دوسری جانب رسالپور میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے اور پشاور میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج چترال، دیر، باجوڑ، مالاکنڈ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، کوہستان، کرم، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔