راولپنڈی (نیوز ڈیسک) — اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں ان کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ دیرینہ مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے کے اقدامات اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے معاملات کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کی شاندار خدمات کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی پاکستانی کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔









