اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — آئی جی اسلام آباد کی منظوری کے بعد وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے تمام رینکس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے ایک نئی اور سخت سوشل میڈیا پالیسی کا نفاذ فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت پولیس اہلکاروں کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھچوانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم کا استعمال بھی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سرکاری گاڑیوں، دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیو بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور بغیر اجازت میڈیا پر بیانات دینے، پبلک فورمز پر خطاب کرنے یا آرٹیکل لکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی کسی قسم کی محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر آن لائن شیئر کر سکیں گے۔ محکمے کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سے پیشگی منظوری لینا لازمی ہوگا، جبکہ پولیس سرگرمیوں کی تمام معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔ یونٹ کے سربراہان کو اپنے عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی کڑی نگرانی کرنے کا پابند بنایا گیا ہے اور اس پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









